صف بند ی ہوگئی، 40 سے زائد ممالک امریکہ کے مقابلے میں چین کے ساتھ آکھڑے ہوئے، چین نے بھی واضح اعلان کردیا




بیجنگ (نیوز ڈیسک) بحیرہ جنوبی چین کا تنازعہ امریکا اور چین سے بڑھ کر اب دنیا کے دیگر ممالک تک بھی پہنچ گیا ہے اور جہاں ایک طرف امریکا اپنے اتحادیوں کو اکٹھا کر رہا ہے تو وہیں درجنوں ممالک چین کے ساتھ بھی کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی رﺅٹرز کے مطابق چین کی طرف سے گزشتہ روز ان 40 سے زائد ممالک کا شکریہ ادا کیا گیا کہ جنہوں نے بحیرہ جنوبی چین کے معاملے میں اس کی حمایت کی ہے ۔ بحیرہ جنوبی چین کے متنازعہ سمندری علاقے کے متعلق امریکا کی شہہ پر فلپائن کی طرف سے چین کے خلاف ہیگ کی مستقل عدالت برائے تصفیہ میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا، مگر چین کی طرف سے اس مقدمے کو رد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام معاملات دوطرفہ بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ چینی حکومت نے جہاں اپنے خلاف سازشیں کرنے والے ملکوں کو خبردار کیا وہیں حمایت کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک حق کا ساتھ دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بحیرہ جنوبی چین کا علاقہ معدنیات سے مالا مال ہے اور یہاں سے ہر سال تقریباً پانچ کھرب امریکی ڈالر (تقریباً5سو کھرب پاکستانی روپے) کا تجارتی سامان گزرتا ہے۔ چین تقریباً اس تمام علاقے کی ملکیت کا دعوے دار ہے جبکہ دوسری جانب فلپائن، برونائی، ویتنام، ملائیشیا اور تائیوان بھی اس کے کچھ حصوں کی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ہیگ کی عدالت میں فلپائن کی طرف سے دائر کئے گئے مقدمے کا فیصلہ عنقریب متوقع ہے۔ اس موقعہ پر یورپی یونین اور امریکا کی طرف سے چین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس عدالت کا فیصلہ تسلیم کرے، تا ہم چین نے عدالتی کارروائی کو رد کردیا ہے۔
Categories:
Similar Videos

0 comments: